24 دسمبر 2016 - 17:50
پیوٹن کی ٹرمپ کو سالِ نو اور کرسمس کی مبارکباد

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سالِ نو اور کرسمس کی مبارکباد دے کر حیران کردیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ امریکی ٹی وی سی این این کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے پیوٹن کی جانب سے بھیجا گیا خط جاری کردیا۔

اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ 'ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے خوشگوار پیغام آیا ہے، ان کے خیالات درست ہیں، مجھے امید ہے کہ دونوں ملک ان خیالات کے مطابق چلیں گے اور علیحدہ راستہ اختیار کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی'۔

اطلاعات کے مطابق پیوٹن نے یہ خط 15 دسمبر کو بھیجا تھا جسے اب ٹرمپ کی ٹیم منظر عام پر لائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی انتخابات میں مداخلت، پیوٹن نے دعوے مسترد کردیئے
اس خط میں پیوٹن نے لکھا کہ 'سنگین عالمی اور علاقائی چینلجز جن کا گزشتہ چند برسوں کے دوران دونوں ملکوں کو سامنا کرنا پڑا اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ جدید دنیا کی سلامتی و استحکام میں امریکا اور روس کا کردار انتہائی اہم ہے'۔

پیوٹن نے ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ 'مجھے امید ہے جب آپ امریکی صدر کا عہدہ سنبھال لیں گے تو ہم مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فریم ورک کو بحال کرنے کی جانب حقیقی اور مثبت اقدامات اٹھاسکیں گے اور عالمی منظر نامے میں اپنی شراکت داری کو نئی سطح پر پہنچا سکیں گے'۔

ماسکو کی جانب سے اس خط کے حقیقی ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔

.......

/169